وفاقی وزیر احسن اقبال کا ابوظہبی کے محکمہ سرکاری اہلیت کا دورہ
محکمہ کی کارکردگی کوسراہااور تعاون کی خواہش کا اظہار
ابوظہبی(اردوویکلی )گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے محکمہ گورنمنٹ انیبلمنٹ (ڈی جی ای) ابوظہبی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے محکمہ کے چیئرمین جناب احمد تمیم ہشام ال کُتّب سے ملاقات کی۔اس موقع پرمتحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیرجناب فیصل نیازترمذی اوران کے ہمراہ سفارت خانہ پاکستان ابوظبی کے دیگراعلی افسران بھی موجودتھے
اس ملاقات میں مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے ذریعے گورننس اور عوامی خدمات کو بہتر بنانے کے حوالے سے ابوظہبی کی کامیابیوں سے سیکھنے پر تبادلہ خیال ہوا۔ پروفیسر احسن اقبال نے متحدہ عرب امارات کی ڈیجیٹل تبدیلی میں قیادت کو سراہا اور ڈی جی ای کے جدید پلیٹ فارمز جیسے کہ’’ٹی اے ایم ایم‘‘ کی تعریف کی۔انہوں نے پاکستان کی جانب سے ڈی جی ای کے ساتھ تعاون کی خواہش کا اظہار کیا، خاص طور پر وزارت منصوبہ بندی کی "اوران پاکستان” مہم کے تحت جاری عوامی شعبے کی اصلاحات کو سپورٹ کرنے کے لیے، جس کا مقصد شہریوں کی ضروریات پر مبنی اور موثر حکمرانی کا نظام قائم کرنا ہے۔
دونوں فریقین نے ڈیجیٹل گورننس، صلاحیت کی تعمیر اور مصنوعی ذہانت پر مبنی عوامی خدمات کے شعبوں میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔ یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے اس باہمی عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنائیں اور عوامی شعبے کی ترقی میں جدت کو فروغ دیں۔