جرمنی کے شہر لوڈن شائڈ میں گزشتہ روز ایک میلے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ بظاہر نوجوانوں کے ایک گروپ کا ایک نوعمر لڑکے اور اس کے والد سے جھگڑا ہوا تھا جس دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک راہ گیر مارا گیا۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد فوری طور پر پولیس نے صورتحال سنبھال لی تھی۔ جرمن پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والا کسی کو دانستہ طور پر نشانہ بنانا نہیں چاہتا تھا تاہم ایک چالیس سالہ راہ گیر ہوائی فائرنگ کی زد میں آ گیا۔ عینی شاہدین کے بیانات اور دیگر شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق سولہ تا بیس سال کی عمر کے 6 لڑکوں کے ایک گروپ کی ایک سولہ سالہ لڑکے کے ساتھ مبینہ طور پر ہاتھا پائی ہوئی، اس کے بیس منٹ بعد یہ لڑکا اپنے والد کو لے کر وہاں پہنچا جس پر یہ چھ لڑکے وہاں سے فرار ہونے لگے تاہم دونوں باپ بیٹے نے ان کا پیچھا کیا۔
پولیس کے مطابق ان لڑکوں میں سے ایک نے وارننگ کے لیے سولہ سالہ لڑکے اور اس کے والد کی جانب ہوائی فائرنگ کی جس دوران گولی ایک شخص کو جا لگی اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ لڑکے مشرق وسطیٰ یا شمالی افریقا سے تعلق رکھنے والے نظر آ رہے تھے۔
Advertisement
جرمن پولیس نے بتایا ہے کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوا کہ سولہ سالہ لڑکا بھی اسی گروپ کا حصہ تھا یا نہیں جس کے بارے میں جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ چھ لڑکوں کی تلاش بھی جاری ہے۔