بنگلہ دیش، ایک لاکھ روہنگیا پناہ گزینوں کو خطرناک جزیرے پر منتقل کرنے کا فیصلہ

94

بنگلہ دیش نے اپنے پناہ گزین کیمپوں پر حد سے زیادہ دباؤ کو کم کرنے کے لیے مزید ایک لاکھ روہنگیا پناہ گزینوں کو ساحل سے تقریباً 60 کلومیٹر دور بھاشن چار نامی ایک خطرناک جزیرے پر بھیجنے کا منصوبہ بنایا ہے جہاں اکثر طوفان آنے کا خطرہ منڈلاتا رہتا ہے۔

یو این ایچ سی آر نے بھاشن چار جزیرے پر رہنے والے پناہ گزینوں کی مدد اور حفاظت کے لیے بنگلہ دیشی حکام کے ساتھ گزشتہ برس ایک معاہدہ کیا تھا۔ وہاں تقریباً 20 ہزار پناہ گزینوں کو پہلے ہی منتقل کیا جاچکا ہے۔ اقوام متحدہ نے وہاں پناہ گزینوں کی امداد میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اقوام متحدہ کی پناہ گزینوں سے متعلق ایجنسی (یو این ایچ سی آر) کے سربراہ فلیپو گرانڈی نے گزشتہ روز ڈھاکا میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کے لیے مستقل اور دیرپا حل صرف میانمار واپسی ہے۔ تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ روہنگیا مسلمانوں کے لیے یو این ایچ سی آر کی طرف سے منظور شدہ سالانہ 881 ملین ڈالر کی امداد کا صرف 13 فیصد ہی انہیں مل پایا ہے جو یقیناً تشویشناک ہے۔

بنگلہ دیش نے روہنگیا مسلمانوں کو کم از کم دو مرتبہ میانمار واپس بھیجنے کی کوشش کی لیکن وہ اس کے لیے تیار نہیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہاں خطرہ اب بھی برقرار ہے اسی لیے وہاں سے پناہ گزینوں کی آمد کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

Advertisement

انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ روہنگیا مسلمان پناہ گزینوں کو بھاشن چار جزیرے پر بھیجنے کے لیے ڈرایا دھمکایا جاتا ہے اور جن لوگوں کو اب تک اس جزیرے پر بھیجا گیا ہے وہ وہاں کی خراب حالت کے سبب سمندر کے راستے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہیں جنہیں بنگلہ دیش پولیس گرفتار کرلیتی ہے۔

واضح رہے کہ تقریباً 9 لاکھ 20 ہزار بے گھر روہنگیا مسلمان اس وقت بنگلہ دیش کے مختلف پناہ گزین کیمپوں میں رہ رہے ہیں جو 2017ء میں پڑوسی ملک میانمار سے پُرتشدد فوجی کارروائی سے جان بچانے کے لیے بنگلہ دیش پہنچے تھے۔ امریکا میانمار میں مسلم اقلیتوں کے خلاف فوجی کارروائی کو نسل کشی قرار دیتا ہے۔

ادھر میانمار حکام کا کہنا ہے کہ دوسرے ملک میں پناہ کے متلاشی روہنگیا مسلمانوں کی ایک کشتی طوفان کی وجہ سے ڈوبنے سے کم از کم 16 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ہفتے کے روز میانمار کے ساحل سے دور پیش آنے والے اس واقعے میں چار افراد اب بھی لاپتا ہیں جبکہ 35 کو بچالیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }