رمیز راجہ کی برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات، پاک انگلینڈ سیریز پر تبادلہ خیال
لاہور: چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے پاک انگلینڈ سیریز کے حوالے سے برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر اور چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کی قذافی اسٹیڈیم میں ملاقات ہوئی جس میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان بمقابلہ انگلینڈ سیریز کی میزبانی کے لیے پرجوش ہیں، انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے رواں سال دو مرتبہ پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انگلش فینز اور کرکٹ ماہرین دونوں ٹیموں کے مابین سنسنی خیز کرکٹ دیکھنے پاکستان آنا چاہتے ہیں۔
Advertisement
برطانوی ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر نے کہا کہ کرکٹ ہمارے خون میں ہے، یہ کھیل دونوں ممالک کو جوڑتا ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان 75 سالہ دوستی کا بھی جشن منارہے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال ستمبر میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے دو مرتبہ پاکستان کا دورہ کرنا ہے جس دوران دونوں ٹیمیں 3 ٹیسٹ اور 7 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلیں گی۔
رواں سال ستمبر میں پہلے انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے جس کے بعد دسمبر میں 3 ٹیسٹ میچز شیڈولڈ ہیں۔