متحدہ عرب امارات اور پاکستان کا لیبرکے شعبے میں تعاون پر غور
سیدذوالفقارعلی بخاری اورناصربن ثانی الھاملی کی ملاقات اور تبادلہ خیال
وزیر برائے انسانی وسائل و ایمیرائٹائزیشن جناب ناصر بن ثانی الھاملی اور پاکستان کے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل سید ذوالفقار بخاری نے دونوں ممالک کے درمیان لیبر ایشوز پر تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا – حال ہی میں دبئی میں وزارت انسانی وسائل کے صدر دفتر میں ہونے والی اس ملاقات میں فریقین نے لیبر شعبوں سے متعلق دونوں ممالک میں طے پانے والے ایم او یو کے مطابق عملدرآمد منصوبوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا – الھاملی نے کووڈ 19 کی صورتحال میں ملک کے نجی شعبے کے آجر اور اجیر کو منفی اثرات سے بچانے کیلئے لیبر امور سے متعلق اقدامات اور فیصلوں کے تسلسل سے انہیں آگاہ کیا ۔ انہوں نے ” جلد رخصت اقدام ” پر بھی روشنی ڈالی جو کہ نجی شعبہ کے مقیم ورکرز کو سالانہ تعطیلات جلد حاصل کرکے اپنے وطن واپس جانے یا کمپنی کی رضامندی سے غیر اجرتی رخصت لینے سے متعلق ہے – بخاری نے پاکستانیوں سمیت دیگر ورکرز کو کورونا وائرس سے بچانے اور وائرس کے اثرات کی روک تھام اور تدارک سے متعلق متحدہ عرب امارات کے اقدامات کو سراہتے ہوئے محنت کشوں سے متعلق برتی جانے والی انسانی ہمدردی کی بھی تعریف کی – اس ملاقات میں وزارت انسانی وسائل کے قائمقام انڈر سیکریٹری عبداللہ النعیمی اور متحدہ عرب اماات میں پاکستان کے سفیر غلام دستگیرخان سمیت دونوں ممالک کے اعلی حکام بھی موجود تھے (وام یواے ای )۔۔