.ناینٹی90 ناینٹی بیش اپنی نوعیت کی پہلی سالانہ کرکٹ لیگ ہوگی
ابوظہبی(اردوویکلی)::وزیربرائے رواداری و بقائے باہمی وچئیرمین امارات کرکٹ بورڈ (ای سی بی) شیخ نھیان بن مبارک آل نھیان نے ایک نئی انٹرنیشنل کرکٹ لیگ (نائنٹی نائینٹی بیش) کی منظوری دی ہے۔ اس حوالے سے ای سی بی اور شارجہ میں قائم سنچری ایونٹس اینڈسپورٹس کے مابین معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ ابوظبی میں منعقدہ دستخطوں کی تقریب میں شیخ نھیان بن مبارک آل نہیان نے خصوصی شرکت کی۔ ای سی بی کے وائس چیئرمین خالد الزرعونی، اے آر وائی گروپ کے چیئرمین سلمان اقبال، ابو ظبی اسپورٹس کونسل کے جنرل سیکریٹری عارف الاوانی، بخاطر گروپ کے خلف بخاطر، عبدالرحمن بخاطر اور سنرجی گروپ آف کمپنیز کے منیجنگ ڈائریکٹر عمران چوہدری بھی تقریب میں موجود تھے۔ ناینٹی ناینٹی بیش90بالوں والی اپنی نوعیت کی پہلی سالانہ کرکٹ لیگ ہوگی اور یہ 2022 میں تاریخی شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی ۔ ناینٹی ناینٹی بیش نامور علاقائی کاروباری افرادچئیرمین بخاطر گروپ عبدالرحمن بخاطر،پریذیڈنٹ اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک اور پاکستان سپر لیگ کراچی کنگز ٹیم کے مالک سلمان اقبال اور عمران چوہدری کا آئیڈیا ہے۔
مشرق وسطیٰ میں عالمی سطح پر بین الاقوامی کرکٹ کے علمبردار اور بانی عبد الرحمن بخاطر شارجہ میں ایک متعدد کاروباری نیٹ ورک چلاتے ہیں۔ انہوں نے کئی دہائیوں سے متحدہ عرب امارات میں کھیلوں کو فروغ دیا ہے اور وہ یواے ای میں کرکٹ کے ایک نئے دور کیلئے کام کررہے ہیں۔ عبد الرحمن بخاطر نے کہا کہ میں شروع سے ہی متحدہ عرب امارات میں کرکٹ کے سفر کا حصہ رہا ہوں اور میری پوری کوشش ہوگی کہ میں یہاں کرکٹ کے کھیل کو فروغ دینے اور اسے مقبول رکھنے میں کامیاب رہوں۔ انھوں نے کہا کہ ناینٹی ناینٹی بیش کایہ نیا دلچسپ فارمیٹ صرف متحدہ عرب امارات میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں کھیل کے لئے بالکل نیا فین بیس بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ سلمان اقبال نے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ اب کرکٹ میں نئی چیزوں کااختراع کھیل کی ضرورت ہے۔ کھیلوں کا ارتقاء گذشتہ برسوں میں ہوا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ کرکٹ کو ایک نیا فارمیٹ دیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ یہ ایک نئی پیش کش ہے اور پوری ٹیم توقع کرتی ہے کہ نئے فارمیٹ کا یہ ٹورنامنٹ شاندار کامیابی حاصل کرے گا۔ عمران چوہدری نے کہا نائنٹی 90 کا تجویز کردہ فارمیٹ ٹوئنٹی 20 کرکٹ سے کم ہوگا جس کا مقصد ہر مقابلے کو تیز سے تیز تر اور ایکشن سے بھرپور بنانا ہے۔ ای سی بی کے وائس چیئرمین خالد الزرعونی نے کہا کہ ہم نائنٹی 90 بیش لیگ کے منتظر ہیں ۔ ہمیں اس معاہدے پر دستخط کرنے پر بہت فخر ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایمیریٹس کرکٹ بورڈ سالانہ ٹورنامنٹ کا منتظر ہے جو بہت دلچسپ ہونے والا ہے۔ نائنٹی 90 بیش کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ متعدد معروف عالمی بزنس ہاؤسز اور کرکٹ کی ممتاز شخصیات اور بین الاقوامی کھلاڑی دستخط کرنے کے لئے تیار ہیں۔ نائنٹی 90 بیش متحدہ عرب امارات میں مقامی کرکٹ شائقین کو بروقت، لاجواب اور بلا شبہ سنسنی خیز ٹورنامنٹ پیش کرے گا(نیوزوتصاویربشکریہ وام)۔