دبئی دنیا کے دو بڑے کرکٹ ٹورنامنٹس فائنل کی میزبانی کریگا
بھارت اور پاکستان کرکٹ میچ ہمیشہ سےسب سے زیادہ دیکھا جانے والا ایونٹ ہوتا ہے۔
ابوظہبی(اردوویکلی)::اگلے دو مہینوں میں دبئی ایک ارب سے زیادہ لوگوں کی توجہ کامرکز ہوگا کیونکہ یہ ابوظبی اور شارجہ کے ہمراہ انڈین پریمیئر لیگ اور آئی سی سی مینز ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کر رہا ہے۔ انڈین پریمیئر لیگ دنیا کا سب سے زیادہ قیمت والا کرکٹ ٹورنامنٹ اور دنیا میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا کھیلوں کا ایونٹ اس وقت متحدہ عرب امارات میں تین مقامات پر منعقد ہورہا ہے۔یواے ای کی سرکاری نیوزایجنسی وام کے مطابق، بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے کرونا کی صورتحال کے باعث لیگ کے بقیہ میچ متحدہ عرب امارات میں کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ بھارت نے کوویڈ 19 کی صورتحال پر خدشات کے بعد ماہ مئی میں ٹورنامنٹ معطل کردیا تھا۔ سیزن کے 60 میں سے 31 میچ ابھی کھیلے جانے باقی ہیں۔ بی سی سی آئی نے 16 ٹیموں کا آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ متحدہ عرب امارات اور عمان میں منعقد کرانے کا بھی فیصلہ کیا۔ دبئی 14 نومبر 2021 کو آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل کی بھی میزبانی کرے گا۔ کل 45 میچوں کے بعد ان میں سے 12 دبئی میں کھیلے جائیں گے۔ آئی پی ایل 2021 کا فائنل 15 اکتوبر کو دبئی میں ہوگا اور یہ ٹورنامنٹ کے 31 میں سے 13 میچوں کی میزبانی کرے گا۔ دنیا بھر سے کرکٹ کے ایک ارب سے زیادہ شائقین آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے دن کا انتظار کر رہے ہیں جب روایتی حریف بھارت اور پاکستان آمنے سامنے آئیں گے۔ بھارت اور پاکستان کا میچ ہمیشہ سے کرکٹ میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا ایونٹ ہوتا ہے اور کرکٹ کے 90 فیصد شائقین جنوبی ایشیا سے آتے ہیں۔ 24 اکتوبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والا میچ ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا ٹاکنگ پوائنٹ ہوگا۔سیکریٹری جنرل دبئی سپورٹس کونسل سعید حریب نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے زیادہ ترلوگ متحدہ عرب امارات کو اپنا گھر کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سارے بھارتی اور پاکستانی شائقین ٹورنامنٹ کے لیے دنیا بھر سے متحدہ عرب امارات آئیں گے اورمجھے امید ہے کہ اس میچ میں اسٹیڈیم کے اندر اور باہر اس کھیل کے گرد ایک زبردست گونج ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھارت اور پاکستان کے درمیان انگلینڈ میں 2019 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں ان کے ٹکراؤ کے بعد دو سال سے زیادہ عرصے میں پہلا میچ ہوگا ۔ آئی پی ایل 2021 دبئی میں 19 ستمبر کو دوبارہ شروع ہوئی۔ چنئی سپر کنگز نے دفاعی چیمپئن ممبئی انڈینز کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شکست دی جو 15 اکتوبر کو فائنل کی میزبانی بھی کرے گا۔ بھارت میں کل 836 ملین ٹی وی ناظرین میں سے 405 ملین ناظرین نے 2020 کا ٹورنامنٹ دیکھا جس نے ہندوستان میں کسی بھی براڈکاسٹنگ پراپرٹی کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ ڈالے۔ متحدہ عرب امارات میں 2020 کے آئی پی ایل کے افتتاحی میچ کو 158 ملین نے دیکھا جو کہ آئی پی ایل 2019 کے افتتاحی میچ کے دوران ریکارڈ کیے گئے 131 ملین ناظرین سے 21 فیصد زیادہ ہے۔ 2020 کے آئی پی ایل کے 405 ملین بھارتی ناظرین نے ٹورنامنٹ کو دیکھنے میں مجموعی طور پر 400 ارب منٹ صرف کیے جو کہ آئی پی ایل 2019 (326 ارب منٹ) کے مقابلے میں 23 فیصد زیادہ اور آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 (356 ارب منٹ) کے مقابلے میں 12.4 فیصد زیادہ ہے۔

Photo by: Vipin Pawar /SPORTZPICS for BCCI