ایران کے پاسداران انقلاب کے ایک سینیئر رکن کو اتوار کے روز دارالحکومت تہران میں ان کی رہائش کے باہر موٹرسائیکل سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق ایران کے سرکاری ٹی وی نے اس اہم شخصیت کے قتل کی اطلاع دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاسداران انقلاب کے کرنل سید خدائی پر ان کے گھر کے باہر نامعلوم موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے اس وقت فائرنگ کی جب وہ اپنی گاڑی میں موجود تھے۔
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق اتوار کی شام چار بجے کے قریب دو موٹر سائیکل سواروں نے کرنل سید خدائی پر پانچ گولیاں چلائی تھیں۔ فائرنگ کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔
اگرچہ پاسداران انقلاب کی جانب سے ایرانی دارالحکومت تہران کے مرکز میں ہونے والے اس حملے کی بہت کم تفصیلات بتائی گئی ہیں تاہم پاسدارانِ انقلاب نے اس قتل کا الزام عالمی تکبر پر عائد کیا ہے جو عام طور پر امریکا اور اسرائیل کے لیے مخصوص کوڈ ہے۔
Advertisement
خیال رہے کہ نومبر 2020ء میں ایرانی ایٹمی سائنسدان محسن فخری زادہ کے قتل کے بعد ہونے والا یہ دوسرا اہم قتل ہے۔ ایران نے اپنے ایٹمی سائنسدان محسن فخری زادہ کے قتل کا الزام بھی اسرائیل پر عائد کیا تھا۔