امریکا کی ریاست ٹیکساس کے شہر سان انتونیو میں ایک ٹریلر سے کم از کم 46 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ممکنہ طور پر یہ غیر قانونی پناہ گزین تھے جن کو ٹیکساس کے جنوب میں اسمگل کیا جا رہا تھا۔ حکام نے ٹریلر سے برآمد کیے گئے 15 دیگر افراد کو مقامی ہسپتال بھی منتقل کیا ہے۔
سان انتونیو کے ایک مقامی نیوز چینل ووائے کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مرنے والوں کے تارکین وطن ہونے کے حوالے سے پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔ نیوز چینل کے مطابق ٹریلر جنوب مغربی علاقے میں ریل کی پٹڑی کے قریب سے ملا ہے تاہم سان انتونیو کی پولیس نے نیوز چینل کی رپورٹ کے حوالے سے فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔
Advertisement
نیوز چینل کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کی گئیں تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ٹریلر کے ارد گرد بڑی تعداد میں پولیس اہلکار موجود ہیں جبکہ ایمبولینس بھی وہاں کھڑی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق گزشتہ دہائیوں میں میکسیکو کی سرحد سے امریکا میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش میں ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور حالیہ واقعہ ان میں سے سب سے زیادہ ہلاکت خیز ہے۔
2017ء میں سان انتونیو کے ہی علاقے میں 10 غیر قانونی تارکین وطن ایک ٹرک میں ہلاک ہو گئے تھے جبکہ 2003ء میں پیش آنے والے ایک اور واقعے میں حبس کے باعث دم گھٹنے سے 19 غیر قانونی پناہ گزین ٹرک میں ہلاک ہو گئے تھے۔