پاکستان میں اماراتی تعاون سے تعمیر ہسپتال کا انسداد کووڈ 19 محاذ پر صف اول کردار
اسلام آباد ، 25 جولائی ، 2020 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات نے کورونا وائرس ، کووڈ 19 کے اثرات سے دوچار ممالک کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ضروری طبی تعاون و سپلائز کیلئے اپنا بھرپور عالمی عزم و کردار ادا کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے – اس حوالے سے ایک شاندار مثال پاکستان کے شہر راولپنڈی میں پاکستان اماراتی ملٹری ہسپتال ہے جو کہ عالمی وباء اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے انسانی ہمدردی اور ترقیاتی اقدام کا نتیجہ ہے ۔ گزشتہ چند ماہ میں اس ہسپتال میں کورونا وائرس کے دس ہزار سے زائد مریضوں کو علاج معالجہ کیا گیا اور انہیں طبی معاونت و سہولت میسر کی گئی – یہ ہسپتال 108 ملین ڈالر کی لاگت سے تعمیر ہوا تھا
اور اس کی تعمیر صدر عزت مآب شیخ خلیفہ بن زاید النھیان ، ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے نائب سپریم کمانڈر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النھیان اور نائب وزیر اعظم و وزیر برائے صدارتی امور عزت مآب شیخ منصور بن زاید النھیان کی ہدایات پر ہوئی تھی – پاکستان کیلئے متحدہ عرب امارات کے تعاون پروگرام یو اے ای پی اے پی کے ڈائریکٹر عبداللہ خلیفہ الغفلی کے مطابق پاکستان میں حالیہ عرصہ کے دوران تعمیر ہونے والے کلیدی منصوبوں میں یہ ہسپتال بھی شامل ہے ، متحدہ عرب امارات کی قیادت نے پاکستان میں متعدد انسانی ہمدردی کے اقدامات ، کئی ترقیاتی منصوبوں کیلئے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے اس ہسپتال کے کامیاب قیام کو پاکستان کی حکومت اور مسلح افواج کی انسداد کووڈ 19 کاوشوں کیلئے اہم معاون اور پاکستانی عوام کیلئے عرب امارات کی قیادت کے اظہار یکجہتی کا نتیجہ قرار دیا – پاکستانی اماراتی فوجی ہسپتال کے ڈائریکٹر میجر جنرل پروفیسر سلمان سلیم کا کہنا ہے کہ اس ہسپتال کی تعمیر 2013 میں ہوئی تھی اور یہ پاکستان کے اہم ترین اور بڑے فوجی ہسپتالوں میں شمار ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ حالیہ کورونا وائرس وباء کے تناظر میں اس ہسپتال کو ملک بھر سے آنے والے اس وباء کے مریضوں کے علاج معالجہ کے مرکز میں بدل دیا گیا ، اواخر فروری میں اس حوالے سے حکمت عملی بنائی گئی اور تمام ضروری احتیاطی اقدامات فوری بجا لاتے ہوئے اس میں خصوصی طور پر قائم یونٹ میں آئسولیشن سمیت دیگر ضروری سہولیات میسر کی گئیں –
انہوں نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کی جانب سے پاکستان میں ایسے انسانی ہمدردی کے ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر کرانے اور اس فوجی ہسپتال کے بنائے جانے پر بھرپور اظہار ستائش بھی کیا – اس ہسپتال کے شعبہ پتھالوجی و ایپڈیمیالوجی کی سربراہ بریگیڈئر ڈاکٹر شازیہ نثار کا کہنا ہے یہ ہسپتال انتہائی جدید سہولیات سے آراستہ ہے ، یہاں موجود طبی سہولیات سے کورونا وائرس کے ہزاروں مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولت میسر آئی – متحدہ عرب امارات نے گزشتہ تین ماہ میں پاکستان کو کل 3ء18 میٹرک ٹن وزنی میڈیکل سپلائز کی تین کھیپ بھجوائیں جبکہ کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کی 20 ہزار ڈیوائسز بھی عطیہ کیں ، اس امداد سے پاکستان میں طبی شعبہ کے 18 ہزار 300 ورکرز کو اپنی ذمہ داریاں انجام دینے میں معاونت ملی – یہ فوجی ہسپتال 14 سو بستروں پر مشتمل ہے جہاں روزانہ 6 ھزار سے 9 ہزار مریضوں کا روزانہ یا سالانہ 30 لاکھ مریضوں معائینہ کیا جاتا ہے
۔ اس میں آوٹ پیشنٹ مریضوں کے الگ وارڈز ، سپیشلسٹ کلینکس ، ایمرجنسی یونٹ ، فارمیسیز ، لیبارٹریز ، ریڈیالوجی شعبہ اور بلڈ بنک قائم ہیں – اس میں 350 ڈاکٹرز ، 800 نرسنگ سٹاف ، 1500 تکنیکی و انتظامی عملہ کام کرتا ہے ۔ اس کا قیام ابوظہبی فنڈ برائے ترقی اور خلیفہ بن زاید النھیان فاؤنڈیشن کی جانب سے مشترکہ طور پر کیا گیا تھا – –