وزیرِداخلہ پاکستان محسن نقوی کی یواے ای کے نائب وزیراعظم ووزیرداخلہ لیفٹیننٹ جنرل عزت مآب شیخ سیف بن زایدآل نہیان
سےملاقات سیکیورٹی تعاون بڑھانے سمیت مختلف امورپرتفصیلیگفتگو۔
ابوظہبی(اردوویکلی)::وزیرِ داخلہ پاکستان و انسدادِ منشیات محسن نقوی نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ عزت مآب لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زاید النہیان سے ابوظہبی میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا کہ دونوں ملکوں کی قیادتیں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔اس موقع پر متعدد علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جن میں باہمی دلچسپی کے پہلو نمایاں تھے۔ فریقین نے منشیات کی روک تھام اور بین الاقوامی منظم جرائم کے انسداد میں مہارت کے تبادلے اور سیکیورٹی کوآرڈینیشن کو بہتر بنانے کے امکانات پربھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ موجودہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مصنوعی ذہانت سے تقویت یافتہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نہایت اہم ہے، جو قومی اور علاقائی سطح پر امن و استحکام کو مضبوط کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
ملاقات میں وزارت داخلہ میں اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری برائے وسائل اور معاون خدمات میجر جنرل سالم علی الشمسی، ابوظہبی پولیس کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل شیخ محمد بن طحنون النہیان، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل سیکیورٹی کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر انجینئر حسین احمد الحارثی، وفاقی انسداد منشیات محکمہ کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر سعید عبداللہ السویدی اور دیگر افسران موجود تھے۔ پاکستانی وزیر داخلہ کے ہمراہ یواے ای میں پاکستان کے سفیرجناب فیصل نیازترمذی اورپاکستان سےآنے والا وفد بھی ملاقات میں شریک تھا۔
وزارت داخلہ کے دورے کے دوران محسن نقوی کی سربراہی میں پاکستانی وفد کو وزارت کے کسٹمر وزٹ مانیٹرنگ آپریشنز روم کا جائزہ لینے کا موقع دیا گیا۔ وفد کو آگاہ کیا گیا کہ کس طرح یہ نظام پولیس خدمات کی نگرانی، کارکردگی کی بہتری اور مثالی سروس فراہمی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔(نیوزوتصاویربشکریہ وام)