سفیرپاکستان فیصل نیازترمذی،ایجوکیشن اتاشی وسیم عباس، پرنسپل عبدالرشید بنگش اور اساتذہ کی محنتیں رنگ لائیں
العین (اردوویکلی)::گزشتہ روزایڈک کی جانب سے پاکستانی اسلامک پرائیویٹ سکول العین کی حالیہ انسپیکشن کے بعد گڈ رینکنگ حاصل کرنے پرالعین کے ایک مقامی ہوٹل میں ایک سادہ مگرپروقار تقریب کااہتمام کیا گیا۔۔جس میں سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذ ی نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی جبکہ ایجوکیشن اتاشی محمدوسیم عابس بطور مہمان اعزازی موجود تھے ۔
سفیرپاکستان فیصل نیازترمذی نے یو اے ای میں اپنے عہدے کاچارج سنبھالتے ہی پاکستانی اسکولوں کے تعلیمی معیارکوبلند کرنے اور اسکولوں کے ڈھانچے کوخوبصورت بنانے اور ایڈک کی مطلوبہ ڈیمانڈکوپوراکرنے پر ذاتی دلچسپی لی اور تقریباً ہر تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کواس کارخیر میں حصہ لینے پرمدعو کرتے رہے آج الحمدللہ سفیرپاکستان کی ذاتی دلچسپی ،ایجوکیشن اتاشی وسیم عباس کی کاوشوں اور پرنسپل عبدالرشید بنگش اور اساتذہ کی سخت محنت اور لگن کی بدولت پاکستانی اسلامک پرائیویٹ اسکول العین کوبالآخرگڈ رینک مل گیا،یقیناً اس کاکریڈٹ بورڈ آف گورنرز کی معروف سماجی شخصیت عبدالہادی اچکزئی،حآفظ طارق محمود اور دیگرممبران کوبھی جاتاہے ۔
پرنسپل ڈاکٹر عبد الرشید بنگش نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے نامساعد حالات اور دیگر ایسے مراحل کا ذکر کیا جن سےگزر کر سکول نے یہ کامیابی حاصل کی ۔ سکول انتظامیہ محدود وسائل کے باوجودحآلات سے نبرد آزما رہی اوربالآخرایک شاندار کامیابی حاصل کرکے اسکول کی ہسٹری میں ایک نئی تاریخ رقم کی ۔اس موقع پر انہوں نے سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذ ی، محمد وسیم عباس اوربورڈممبر عبد الہادی اچکزئی کا خصوصی طورپر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اعتماد اور مسلسل تعاون کے بغیر یہ سنگ میل عبور کرنا ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے والدین کے زریں تعاون اور مثبت کردار کی تعریف بھی کی نیز اپنی پوری ٹیم کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پرتقریب کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے اپنے خطاب میں سکول انتظامیہ کی پرجوش اندازمیں بھر پور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سکول نے ایڈیک انسپکشن میں گڈرینک حآصل کرکے تاریخ رقم کی ہے اور نہ صرف اسکول بلکہ پوری پاکستانی کمیونٹی اورملک کانام بھی بلند کیا ہے جس پرہمیں فخرمحسوس کرنا چاہییے
اُنہوں نے اسکول پرنسپل ڈاکٹر عبدالرشید کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ ایک مایہ ناز ماہر تعلم ہیں۔جس طرح انہوں نے اپنی ہو نہار ٹیم کے ساتھ سکول کو ترقی دی ہے وہ سکول کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا ۔ انہوں نے پرنسپل اور ان کی ٹیم کو اس کا رنامہ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ العین سکول امارات میں موجود دیگر پاکستانی سکولوں کے لئے ایک مثال بن چکا ہے اوردیگراسکول العین سکول کے پرنسپل اور ان کی ٹیم کے تجربہ سے استفادہ کریں اور اپنے اپنے اسکولوں کے تعلیمی معیارکوایڈک کے معیارپر لائیں ۔
تقریب کے اختتام پرسفیر پاکستان فیصل نیازترمذی نے پرنسپل ڈاکٹر عبد الرشید بنگش ،وائس پرنسپل ذ یشان شمشیر ،انچارج بوائزسیکشن محمد یعقوب انکا، انچارج گرلزسیکشن رخشندہ جبیں اوراکاؤنٹنٹ محمد نوید اوردیگر کو سفارتخانہ پاکستان کی جانب سے انکی گراں قدرخدمات پرانہیں اعزازی سرٹیفیکیٹ دیئے۔