ایکسپو2020دبئی میں لاکھوں کی تعدادمیں سیاحوں نے پاکستانی پویلین کاوزٹ کیا۔
سفیرپاکستان افضال محمود کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کے اعزازمیں عشائیہ تقریب کااہتمام ۔
جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ ممتازسماجی وکاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
ابوظہبی(اردوویکلی)گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیرافضال محمودنے پاکستانی کمیونٹی کے اعزازمیں عشائیے کااہتمام کیا جس میں یو اے ای میں مقیم ممتاز پاکستانی بزنس مینوں، سماجی شخصیات، پروفیشنلزکی بڑی تعداد نے شرکت کی۔عشائیہ تقریب سے سفیرپاکستان نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ ایکسپو 2020دبئی میں پاکستان پویلین نے کامیابی کے ریکارڈ قائم کیئے۔حکومت پاکستان اورپاکستانی کمیونٹی کی دلچسپی اورمحنت کی وجہ سے پاکستانی پویلین وزیٹرز کی توجہ کا مرکزبنا رہا، ریکارڈ سیاحوں نے پاکستان پویلین کا دورہ کیا۔192 ممالک کے پویلینز میں سے پاکستان پویلین نے بہترین پوزیشن پائی۔حکومت پاکستان کے ساتھ 100 سے زائد معاہدوں کی یادداشتوں پردستخط ہوئے ،کوروناوبا کے باوجود پاکستان اور یواےای کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوا۔سفیرافضال محمودنے مزیدکہا کہ سفارت خانہ پاکستان اور پاکستان قونصلیٹ دبئی کے تعاون سے پاکستان بزنس فورم کوفعال کیاجائیگا۔ پاکستان بزنس فورم یو اے ای میں عہدوں کی بجائے عملی کردار اداکرنا ہو گا، امارات میں موجودہرپاکستانی اس کاعہدے داربن سکتاہے مگرباتوں کی بجائے عملی طورپرکام کرنا ہوگا انشااللہ اس کے نتائج جلد نظر آئیں گے،اس فورم کا پہلا اجلاس مئی کے پہلے ہفتہ کو دبئی میں ہو گا پاکستان بزنس فورم کی ترجیحات پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، سیروسیاحت اور زیادہ سے زیادہ پاکستانی افرادی قوت کو یہاں کھپانا ہے سفیرپاکستان نے کہا ہم ایک مضبوط نیٹ ورک کے ذریعے ایک دوسرے سے مل کراسے کامیابی سے چلا سکتے ہیں، آپ سب پاکستان اور قوم کے لئے اچھے جذبات رکھتے ہیں۔ اس فورم کو سیاست سے دوررکھنا ہو گا سفارت خانہ پاکستان اورپاکستان قونصلیٹ دبئی آپ کی مثبت تجاویز کا خیر مقدم اور مل کر مقامی قوانین کے مطابق کام کرے گا۔آپ سب کو اس بزنس نیٹ ورک سے فائدہ اٹھاناچاہیے پاکستانی مصنوعات کی درآمدات میں جو مشکلات پیش آ رہی ہیں وہ سفارت خانہ اور حکومت پاکستان مل کر دور کریں گے۔