ابوظبی میں داخلے کے لیے شرائط میں نرمی
ابوظبی حکومت کے اس فیصلے سے لوگوں میں خوشی کی لہردوڑگئی
ابوظبی (اردو ویکلی) حکومت ابوظبی نے چند روز قبل ابوظہبی میں داخل ہونے کے لیے کورونا سے متعلق دو ٹیسٹ کروانے لازمی قرار دیئے تھے جس کا مقصدکوویڈکے پھیلاؤ کو ممکنہ حد تک روکنا تھا، تاہم مسافروں کو پیش آنے والی مشکلات کے تحت یہ فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔ نیشنل ایمرجنسی اینڈ کرائسزمینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ٹویٹر پیغام میں کہا گیا ہے کہ ابوظبی میں داخل ہونے والے افراد کے لیے آج سے شرائط نرم کر دی گئی ہیں۔ اب لوگوں کو ابوظبی آنے کے لیے ڈی پی آئی ٹیسٹ سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کروانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ کوئی بھی شخص پی سی آر یا ڈی پی آئی ٹیسٹ دونوں میں سے کوئی ایک ٹیسٹ کروا کر اس کی نیگیٹو رپورٹ آنے کی صورت میں ابوظبی آ سکتا ہے۔تاہم ڈی پی آئی ٹیسٹ کی رپورٹ کو 48 گھنٹے سے زائد وقت نہ گزرا ہو۔ اگر کوئی شخص ابوظبی میں آتا ہے اور یہاں پر چھ روز یا زائد قیام کرتاہے تو ایسی صورت میں اسے اپنے قیام کے چھٹے روز پی سی آر ٹیسٹ کروانا لازمی ہو گا۔ اس حوالے سے نیشنل ایمرجنسی اینڈ کرائسزمینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ چھٹے روز پی سی آر ٹیسٹ کروانے کی شرط اس لیے عائد کی گئی ہے تاکہ ریاست میں کوویڈ 19کے پھیلاؤ کی روک تھام موثر انداز سے ہو سکے۔ واضح رہے کہ امارات میں ریپڈ لیزر ٹیسٹ کروانے پر 50 درہم وصول کیے جاتے ہیں جبکہ ٹیسٹ کروانے پر 370 درہم ادا کرنا ہوتے ہیں۔ ابوظبی حکومت کے اس فیصلے سے لوگوں میں خوشی کی لہردوڑگئی ہے۔ PCR