۔(چوہدری ارشد)::ہر365دن گزرنے کے بعد نیا سال نئی نئی امیدیں لے کر آتا ہے۔ نئی امنگیں جنم لیتی ہیں۔ بچے، بوڑھے اور جوان نئے سال کی آمد پہ ہزاروں سنہرے خواب اور انکی تکمیل کےسہانے سپنے سجانے لگتے ہیں۔ اور یہی دعا کرتے ہیں کہ نیا آنے والا سال ان کے لیے لاکھوں خوشیاں لے کر آئے۔ ماں باپ اپنی اولاد کے مستقبل کے لیے فکر مند رہتے ہیں کہ آنے والا سال ان کے لیے کامیابیوں اور کامرانیوں سے بھرا ہو۔ عمررسیدہ لوگ آنے والے سال میں اپنی نئی نسل کی صحیح سمت میں رہنمائی و اصلاح کے طالب نظر آتے ہیں۔ جیسا کہ سب جانتے ہیں کہ 2020پوری دنیاپرایک آفت بن کرگزراکورونا وبا نے پوراسال اپنے خونی پنجے گاڑے رکھے پوری دنیاایک ہیجانی کیفیت میں مبتلارہی اور یہ تاحال جاری ہے حالیہ دنوں میں کوروناکی ایک دوسری شدید قسم نے جنم لیاہے اللہ تعالی پوری کائینات کواس سے محفوظ فرمائے، نئے انگریزی سال کاآغازجمعۃ المبارک دن سے ہوا مالک دو جہاں سے التجاہے کہ آنے والے سال میں پوری دنیاکواس موذی مرض سے نجات عطافرمائے اورپورےعالم کی رونقیں ایک بار پھرسے بحال ہوجائیں ۔ہر سال نئے سال کی آمد پہ جشن کا سا سماں ہوتا ہے۔پوری دنیاکی طرح پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے لوگ بھی پرجوش انداز میں نئے سال کو خوش آمدید کہتے ہیں اور جانے والے سال کو الوداع کہتے ہیں۔ اپنے گزرے کل میں کی گئی غلطیاں اور نادانیاں آنے والے سال میں نہ دہرانے کاعزم کیاجاتاہے ۔ نئے آنے والے سال کاہر دن ایک نیا چیلنج لے کر آنے والا ہے۔ مگرہمیں گزشتہ سال کی نسبت اس سال میں مثبت انداز میں آگے بڑھنا ہے بالخصوص کوویڈکی صورتحال کوبھی فیس کرناہے اس سے بچاؤ کی تمام ترحفاطتی تدابیراختیارکرناہیں نیا سال واقعی ایک نئی زندگی کی راہ متعین کرتا ہے۔ ہرکوئی اپنے انداز میں نئے سال کوخوش آمدید کہتا نظر آتا ہے۔ اس سے ہماری بہت سی توقعات وابستہ ہوتی ہیں کیونکہ زندگی نام ہی امید،جذبے اورحوصلے کاہے ہمارے لیئے یہ جاننا ضروری ہے کہ نیاسال ایک عام آدمی کے لیے کیسا ہوگا؟ایک عام آدمی جس کی ضروریات اب روٹی، کپڑا اور مکان کی حدود سے آگے بڑھ چکی ہیں نئے مواصلاتی نظام میں اب اس آدمی کو اپنے بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت کے لیے روٹی سے کچھ زیادہ کی طلب ہے۔ وہ اتنا کمانا چاہتا ہے کہ اس کے بچے معاشرے کا کارآمد جزو بن سکیں۔ وہ نئے سال میں اس یقین کے ساتھ کمر باندھ کہ گھر سے نکلے گاکہ اس سال پچھلے سال کی نسبت زیادہ محنت کرکے زیادہ کمائے اور اپنے خوابوں کوپوراکرسکے۔کچھ سالوں سے پاکستان میں بدقسمتی سے ذخیرہ اندوزوں اور بلیک مافیاکی گرفت اتنی مضبوط ہوچکی ہے کہ انہوں نے ضروریات زندگی کی ایسی اشیاجن کی قیمت چندروپے ہے اسکوعام آدمی کے استعمال کے لیئے شجرممنوعہ بنادیاہے مگرہمارے ارباب اقتدار کوایسی چیزیں نظرنہیں آتیں جوعام آدمی کی بنیادی ضرورت ہیں وہ صرف چینلزپربیٹھ کراپنے سیاسی مخالفوں کی کردارکشی اور لعن طعن ہی کرتے نظرآتے ہیں کبھی کسی نےمہنگائی اور غربت کی بڑھتی شرح اورمعاشرے کی بے حسی جیسے اہم ایشوز پربات نہیں کی۔ پاکستان میں اللہ کادیاسب کچھ موجود ہے فوڈ سیکیورٹی بڑی نعمتوں میں سے ایک ہے جوہمارے ملک کوحاصل ہے مگراشرافیہ نے لوٹ مارکاجوبازارگرم کررکھاہے وہ عام آدمی کوعام زندگی بھی گزارنے نہیں دے رہا اور لوگ خودکشی پرمجبورہورہے ہیں اللہ تعالی پاکستان کوایسے ظالموں سے نجات عطافرمائے ۔ نئے سال کی آمد پرہمیں یہ عزم کرنا چاہیے کہ ہم پچھلے سال کی گئی کوتاہیوں کوآیئندہ نہیں دھرایئں گے اور نئے سال میں اپنے آس پاس رہنے والے لوگوں کاحتی المقدور وسیلہ بنیں گے۔ ہم سب نئےسال میں ملکی اور بین الاقوامی حالات کو بہتری کی طرف گامزن دیکھنا چاہتے ہیں ملک میں بڑھتی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کو کم دیکھنا چاہتے ہیں ہم سب کی یقیناً یہی خواہش ہوگی کہ نئے سال میں سب کچھ بدل جائے۔ مگربقول شاعر"ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہرخواہش پردم نکلے بہت نکلے ارماں مگرپھربھی کم نکلے” چلیں ایسا ہی سہی معاشرے سےکچھ برائیاں توکم ہوں اگرحکومت ذخیرہ اندوزوں اور بلیک مافیا کوکنٹرول کرکے مہنگائی کاہی کچھ سدباب کردے توعام آدمی کے لیئے یہی کافی ہے وہ اپنے بچوں کودووقت کاکھانا توآرام سے فراہم کرسکے ۔گزشتہ سال کی طرح یہ سال بھی بہت جلد پنکھ لگا کر اڑ جائے گا۔مگرنئے سال میں ہم سب کو اپنے اپنے حصے کی ذمہ داری ایمانداری سے نبھانے کاعہدکرناہوگاوہی قومیں اپنی تقدیربدل سکتی ہیں جوانفرادی اور اجتماعی سطح پراپنے فرائض ایمانداری سے سرانجام دیتی ہیں بقول علامہ اقبال "فرد قائم ربط ملت سے ہے تنہا کچھ نہیں۔۔۔۔موج ہے دریا میں اور بیرون دریا کچھ نہیں”۔ہم سب کویہ طے کرناچاہئے کووہ کونسی ایسی برائی ہے جس کوختم کرکے ہم انصاف پرمبنی ایسامعاشرہ قائم کرسکتے ہیں جس میں ہربسنے والاامن وسکون کے ساتھ زندگی بسرکرسکے ۔ اللہ تعالی سے امید ہے نیا سال خوشیاں اورخوشحالی کی نویدلیکرآئے دنیاسے غربت وافلاس میں کمی آئے معیشت کاپہیہ پوری آب وتاب سے رواں دواں ہو آمین نیا سال پاکستان کے ہرفرد اورہر طبقے کے لیے آسانیاں لائے اور یہ آسانیاں ہم خود،میں آپ اورہم سب ایک دوسرے کے لیے پیدا کریں گے انشااللہ ۔ نیاسال 2021مبارک ہو