صائمہ عاصم نقوی کے اعزاز میں مختلف تقاریب کاانعقاد
منفرد لہجے کی شاعرہ اور ادیبہ صائمہ عاصم نقوی کے اعزاز میں اشرف شریف کا عشائیہ
جبکہ دارالخلافہ اسلام آباد اور لاہورمیں بھی مختلف تقاریب کاانعقادکیاگیا
اردو ادب کی معروف شخصیات نے صائمہ نقوی کی خدمات کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا۔
کسی بھی زبان کی بہتر اشاعت و ترویج کا کارنامہ اس زبان سے محبت کرنے والوں کی بدولت ممکن ہوتا ہے( صائمہ نقوی)۔
دبئی (نمائندہ خصوصی) صائمہ عاصم نقوی دو دہائیوں سے دبئی متحدہ امارات میں اردو شعر و ادب کی اشاعت و ترویج کے لئے خدمات انجام دے رہی ہیں۔ گزشتہ دنوں وہ پاکستان میں چھٹیاں گزارنے گئیں تو ان کے اعزاز میں لاہور اور اسلام آباد میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ ایک تقریب جس کا اہتمام 92نیوز کے چیف بیورو، کالم نگار، مصنف اور شاعر اشرف شریف نے کیا تھا سے خطاب کرتے ہوئے صائمہ نقوی نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات میں اردو کی ترقی کے لئے کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی زبان کی بہتر اشاعت و ترویج کا کارنامہ اس زبان سے محبت کرنے والوں کی بدولت ممکن ہوتا ہے۔ صائمہ عاصم نقوی گورنمنٹ کالج لاہور کی فارغ التحصیل ہیں جنہوں نے اردو لٹریچر میں ماسٹر ڈگری حاصل کی، وہ کافی عرصہ ریڈیو پاکستان کے لئے خدمات انجام دیتی رہیں۔ پچھلے بیس سالوں سے وہ متحدہ عرب امارات، دبئ میں درس و تدریس کے شعبے سے منسلک ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ وہ ادبی و سماجی سرگرمیوں میں بھی ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں۔ ان کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیوں میں نامور کالم نگاروں، ادبی تجزیہ کاروں، شعراء، ریڈیو اور ٹی وی سے وابستہ شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا جن میں چند قابل ذکر احباب سینیر بیوروکریٹ و شاعر شعیب بن عزیز، سینیر تجزیہ کار سلمان غنی، کلم نگار میاں حبیب اللہ، کالم نگآرامجد وڑائچ، سینیر بیوروکریٹ راو پرویز اختر، ڈپٹی سیکرٹری سکول ایجوکیشن ذوالقرنین، صدر ڈیجیٹل میڈیا فیڈریشن ملک سلمان، سی ای او نظائر میڈیا زاہد نقوی، اینکر پرسن فائزہ بخآری، مائرہ ہاشمی، ڈآکٹر وردہ سکندر، ڈپٹی ڈائریکٹر پی آئی ڈی محمد ارسلان اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ ان معروف شخصیات نے صائمہ عاصم نقوی کی اردو ادب کے فروغ کے لئے خدمات کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا اور ان کی خدمت میں پھولوں کے گلدستے پیش کئے گئے۔